پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ساری دنیا میں آصف زرداری مسٹر 10 پرسنٹ کے نام سے مشہور ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 30 سال پہلے قبائلی علاقوں پر ایک کتاب لکھی، پروپیگنڈے کے ذریعے کسی کی جنگ کو اپنی جنگ بنایا گیا، یہ جنگ ہماری نہیں تھی، ہم نےاس کیلئے ڈالرز لیے، امریکا افغانستان میں گیا تو سب کو پتا تھا اس کا ردعمل آئے گا۔
قبائلی علاقے میں فوج بھیجنا بہت بڑی غلطی تھی
عمران خان نے کہا کہ قبائلی علاقہ پاکستان کے دیگر علاقوں کے مقابلے میں بہت پرامن تھا، قبائلی علاقے میں فوج بھیجنا بہت بڑی غلطی تھی، میری جماعت اور ایم ایم اے نے امریکی مداخلت کی بہت مخالفت کی تھی، 2002 میں پشتونوں نے ایم ایم اے کو ووٹ دیا اور بتا دیا کہ وہ امریکا کے خلاف ہیں، ہم امریکا کی جنگ میں پڑتے گئے تو ردعمل آتا گیا۔
مجھے بغیر کسی وجہ کے طالبان خان کہا گیا
ان کا کہنا تھا کہ میں نے پہلی بار ٹی ٹی پی کا نام سنا، مجھے طالبان خان کہا گیا، اس کے بعد ڈرون حملے شروع ہوئے جو آہستہ آہستہ بڑھتے گئے، قبائلی علاقے میں ڈرون حملوں میں بے گناہ لوگ مارے جاتے تھے، ہماری حکومت نے خیبرپختونخوا پولیس کو اپنے پیروں پر کھڑا کیا، ہماری حکومت آئی تو افغان طالبان کے ساتھ بات چیت میں معاونت کی۔
ضرور پڑھیں؛ شوق سے ہتک عزت کا دعویٰ کریں، زرداری سے متعلق اپنے بیان پر قائم ہوں، عمران خان
ہمارا مؤقف تھا افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان میں امن ہو گا
انہوں نے کہا کہ ہمارا مؤقف تھا افغانستان میں امن ہو گا تو پاکستان میں امن ہو گا، اشرف غنی صدر تھے تو میں خود بھی کابل گیا تھا، حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ایک پیج پر ہونے سے بہت فائدہ ہوا، افغانستان سے عوام کے انخلا میں مدد پر دنیا نے ہماری تعریف کی، بدقسمتی سے رجیم چینج ہوا اور ہماری حکومت گرائی گئی۔
ابھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت مزید بڑھے گی
عمران خان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی ایشوز پر جنرل باجوہ اور آئی ایس آئی سے بات کرتے تھے، سازش کر کے ہماری حکومت گرائی گئی، لوگوں کی ملک سے امید ہی چلی گئی ہے، ڈالر کی قیمت بڑھنے سے عوام مسائل کا شکار ہو گئے ہیں، ابھی ملک میں مزید مہنگائی آنی ہے، آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے، ہم 16 ارب ڈالر کے ذخائر چھوڑ کر گئے تھے آج 3 ارب ڈالر رہ گئے ہیں، ابھی پیٹرول اور ڈیزل مزید بڑھے گا، گیس اور بجلی کی قیمتیں اور اوپر جائیں گی۔
جو بھی الیکشن کو 90 دن سے آگے لے کر جائے گا اس پر آرٹیکل 6 لگے گا
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت میں آکر انہوں نے اپنے کرپشن کے کیسز ختم کیے، انہوں نے اپنے 1100 ارب روپے کے کیسز معاف کروائے، مشرف نے انہیں این آر او ون اور جنرل باجوہ نے این آر او ٹو دیا، ابھی ملک میں مزید مہنگائی آنی ہے، دہشتگردی کی آڑ لے کر الیکشن میں تاخیر کرنا ملک کے ساتھ زیادتی ہو گی، جو بھی الیکشن کو 90 دن سے آگے لے کر جائے گا اس پر آرٹیکل 6 لگے گا۔
قیامت کی نشانی ہے کہ آصف زرداری نے مجھ پر ہتک عزت کا کیس کر دیا
عمران خان نے کہا کہ فواد چوہدری کو گرفتار کر کے پیغام دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، نگران حکومت ہم پر تشدد کرنے کیلئے لائی گئی ہے، کل پرویز الہیٰ کے گھر پولیس بھجوا دی، گورنر کے خط سے خدشات بڑھ گئے، دہشتگردی پی ٹی آئی کے خلاف ہے، قیامت کی نشانی ہے کہ آصف زرداری نے مجھ پر ہتک عزت کا کیس کر دیا، مجھ پر حملے کا جے آئی ٹی کا سارا ریکارڈ سیل کر دیا گیا، ان سب کے پیچھے کون ہے جو اتنا طاقتور ہے؟
ساری دنیا میں آصف زرداری مسٹر 10 پرسنٹ کے نام سے مشہور ہیں
ان کا مزید کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی 16 دسمبر کی فرانزک رپورٹ میں 2 شوٹرز کا ذکر ہے، 3 جنوری کی فرانزک رپورٹ میں کہا گیا ہے 3 شوٹر تھے، نگران حکومت جے آئی ٹی کے معاملات میں مداخلت کر رہی ہے، عدالت آصف زرداری سے پوچھے کہ آپ کی کوئی ساکھ ہے جو متاثر ہوئی ہے؟ ساری دنیا میں آصف زرداری مسٹر 10 پرسنٹ کے نام سے مشہور ہیں، چاہتا ہوں میرے خلاف آصف زرداری ضرورعدالت جائیں۔



















