الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ضمنی انتخابات کے لئے ریٹرننگ افسران کی تقرری کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لئے قومی اسمبلی کے 33 حلقوں کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران مقرر کردیے۔
اس کے علاوہ ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تقرری بھی کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران الیکشن کمیشن سے لئے گئے ہیں، آر اوز اور اے آر اوز کی ذمہ داری سرکاری افسران کو دی گئی ہے۔
قومی اسمبلی کی 33 خالی نشستوں پر الیکشن شیڈول جاری
اس سے قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے قومی اسمبلی کی 33 خالی نشستوں پر الیکشن شیڈول جاری کردیا گیا تھا جس پر پولنگ 16 مارچ کو ہوگی۔
اس حوالے سے الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی 6 فروری سے 8 فروری تک جمع کرائے جائیں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی 13 فروری تک کی جائے گی تاہم امیدواروں کی حتمی فہرست 21 فروری کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ انتخابات کے لئے امیدواروں کو انتخابی نشان 23 فروری کو جاری کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کے 9 حلقوں پر انتخابات 16 مارچ کو ہونگے جبکہ راولپنڈی کی 5 قومی اسملبی کے حلقوں پر ضمنی انتخابات ہوں گے۔
اسلام آباد کی تینوں حلقوں پر ضمنی انتخابات 16 مارچ کو ہونگے جبکہ لاہور اور ملتان کے دو دو حلقوں پر انتخابات ہوں گے اور خیبر پختونخوا کے قومی اسمبلی کے 8 حلقوں میں انتخابات ہونگے۔
خیال رہے کہ این اے 4 سوات، این اے 17 ہری پور، این اے 18 صوابی، این اے 25، 26 نوشہرہ، این اے 32 کوہاٹ، این اے 38 ڈی آئی خان سمیت این اے 43 خیبر، این اے 52،53،54 اسلام آباد میں بھی ضمنی انتخابات کرائے جائیں گے۔
اسکے علاوہ این اے 59، 60، 62 اور این اے 63 راولپنڈی، این اے 67 جہلم، این اے 97 بھکر میں انتخابات ہوں گے۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 17 جنوری کو پی ٹی آئی کے 35 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کیا تھا تاہم قومی اسمبلی کی 2 مخصوص نشستوں پر تعیناتی پی ٹی آئی کی سفارش پر کی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے استعفوں کی بعد خالی ہونے والی تمام نشستوں پر الیکشن لڑنے کا اعلان کر رکھا ہے۔



















