Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عمران خان کا مسلح افواج کے سپریم کمانڈر اور صدر مملکت کو خط

انٹیلی جینس ایجنسیز اور مقتدرہ کے بعض حصوں کی سیاست میں کھلی مداخلت کے تدارک کے معاملے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے افواجِ پاکستان کے سپریم کمانڈر اور صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھ دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف آف اسٹاف ٹو چیئرمین سینیٹر شبلی فراز کی جانب سے اہم ترین خط ایوانِ صدر پہنچا دیا گیا۔

عمران خان کی جانب سے خط میں کہا گیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کا مشترکہ اجلاس 29 جنوری کو منعقد ہوا، اس اجلاس میں متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔

خط کے مطابق قرارداد کے ذریعے آپ سے بطور صدرِ مملکت اور افواج پاکستان کے سپریم کمانڈر انٹیلی جینس ایجنسیز اور مقتدرہ کے سیاست میں کھلے کردار کا نوٹس لینے کی سفارش کی گئی ہے۔

عمران خان نے خط میں واضح کیا کہ گورنر خیبرپختونخوا کا 27 جنوری کا بیان اس حوالے سے اہم مثال ہے، پختونخوا کے گورنر کا موقف ہے کہ وہ صوبائی اسمبلی کے انتخاب کی تاریخ کا تعین نہیں کر سکتا کیونکہ یہ کام انٹیلی جینس ایجنسیز اور اسٹیبلشمنٹ کو کرنا ہے۔

خط میں کہا گیا کہ قرارداد میں آپ کی توجہ نہایت ڈھٹائی سے کیے جانے والے اغواء اور جھوٹے پرچوں کے اندراج کی جانب بھی مبذول کروائی گئی ہے۔

خط میں بتایا گیا کہ قرارداد میں تحریک انصاف کے قائدین اور کارکنان کو دی جانے والی دھمکیوں، ان پر زیرِحراست تشدد کا معاملہ بھی اٹھایا گیا ہے۔

عمران خان کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا کہ قرارداد آپ سے آئین و قانون کے انحراف اور بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کے تدارک کیلئے موثر اقدامات کی سفارش کرتی ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کی کور کمیٹی اور پارلیمانی پارٹی کے 29 جنوری کے اجلاس میں منظور کردہ متفقہ قرارداد بھی خط کے ساتھ بھجوائی گئی۔

انٹیلی جینس اور اسٹیبلشمنٹ کے انتخابات کی تاریخ کے تعین کے حوالے سے گورنر خیبر پختونخوا کی 27 جنوری کی گفتگو کا متن بھی خط کے ساتھ بھجوایا گیا ہے۔

گورنر خیبر پختونخوا کی گفتگو کا متن مرکزی سیکریٹری جنرل اسد عمر کی جانب سے فراہم کیا گیا۔

متعلقہ خبریں