منصوبہ بندی اور ترقی کے وفاقی وزیر انجنیئر احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گرین لائن بس سروس کے کنٹرول روم کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اور ترقی انجینئر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ کراچی کے انفراسٹرکچر کو بہتر کریں گے اور اٹامک انرجی کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، پاکستان جس معاشی تباہ کاریوں کا شکار ہے یہ پچھلے چار برسوں میں کے کارناموں کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ گذشتہ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے اب ملک کو دہشتگرد کارروائیوں کا سامنا ہے، پچھلے 9 برسوں سے پی ٹی آئی کی حکومت تھی مگر پشاور میں سیف سٹی پراجیکٹ نہیں لگایا گیا، پولیس کو کیوں نہیں وسائل فراہم کیے گئے اور فنڈز ایم پیز اور ایم این ایز کو دیئے گئے؟
ان کا مزید کہنا تھا کہ شیخ رشید اور پی ٹی آئی کے رہنما انتشار پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اداروں اور عوام کے درمیان جنگ کرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان میں اس سے پہلے اداروں کے خلاف کبھی اتنی منظم مہم نہیں چلائی گئی، اگر کوئی ریاست کے خلاف مہم چلائے گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں؛ محدود وسائل کے باوجود حکومت سینٹرز آف ایکسیلینس کی مدد کررہی ہے، احسن اقبال



















