وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی ملاقات ہوئی ہے جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس کے علاوہ مولانا فضل الرحمان نے شہباز شریف سے عمران خان پر مختلف کیسوں سے متعلق بھی گفتگو کی اور کہا کہ امید ہے کہ عمران خان جلد نااہل ہو جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف سے آصف زرداری کی ملاقات
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو قومی اسمبلی کےضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لینا چاہیئے اور پنجاب،کےپی میں امن و امان،معاشی صورتحال دیکھتے ہوئے ہی الیکشن کمیشن کو انتخابات کی تاریخ دینی چاہیئے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آل پارٹیزکانفرنس میں تمام جماعتوں کو الیکشن،معیشت سمیت تمام قومی امور پر متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہیئے۔
وزیراعظم نے کہا مولانا صاحب،ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کے لئے دن رات کوشش کر رہے ہیں اور مولانا فضل الرحمان کو یقین دلایا کہ مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم تعمیری سیاست پر یقین رکھتے ہیں، یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں ہے۔
اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف سے چیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز کی ملاقات ہوئی تھی جس میں شاہد خاقان عباسی کے استعفے اور پارٹی معاملات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس کے علاوہ ملاقات میں پشاور سانحے کے بعد امن و امان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ضمنی انتخابات اور جنرل انتخابات کےحوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں کی پارٹی نے تنظیم سازی، ملک بھر میں مریم نواز کے جاری ورکرز کنونشنز کے انعقاد پر مشاورت کرتے ہوئے پارٹی کے ناراض رہنماوں کو منانے اورشاہد خاقان عباسی کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونے چاہیئں تاہم الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ تاریخ پر مسلم لیگ ن بھرپور تیاری کے ساتھ حصہ لے گی۔
شہباز شریف اور مریم نواز کا ملک میں جاری مہنگائی کی لہر بارے بھی گفتگو کی گئی ہے۔



















