این آئی ایچ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے17 نئے کیسز رپورٹ کئے گئے ہیں تاہم کورونا کے باعث کوئی ہلاکت نہیں ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این آئی ایچ کی رپورٹ کا کہنا ہےکہ اس وقت ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار493 کورونا ٹیسٹ کئے گئے ہیں جن میں کورونا کے17 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.38 فیصد ہے۔
اس وقت کرونا سے متاثر 11 مریضوں کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سماجی دُوری برقرار رکھیں کرونا ابھی گیا نہیں ہے
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے وار میں خاطر خواہ کمی دیکھنے میں آرہی ہے جس کے مختلف اسباب ہو سکتے ہیں مگر خطرہ ابھی ٹلا نہیں ہے لہٰذا کورونا کے مکمل خاتمے کے لئے ہر فرد کو ابھی بھی تمام احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھنا ہوگا جن میں سرفہرست سماجی دُوری یا فاصلہ، ماسک کا استعمال اور ہاتھوں کو بار بار صابن اور پانی سے اچھے طریقے سے دھونا شامل ہے۔
ماہرینِ صحت کے مطابق پوری دنیا میں لوگوں کو ایک دوسرے سے دُور رہنے کی تلقین کی جارہی ہے جس میں اس وائرس کے ایک متاثرہ فرد سے دوسرے فرد میں تنفسی نظام ، کھانسنے ، چھینکنے سے اور تھوک کے ذریعے پھیلنےسے ہوتا ہے، اگر متاثرہ فرد کسی دوسرے فرد کو گندے ہاتھوں سے چھولے تو بھی یہ وائرس دوسرے فرد میں منتقل ہوجاتا ہے۔
یہاں یہ بات ذہن میں رکھنا بےحد ضروری ہے کہ کورونا وائرس کا ابھی تک کوئی علاج منظرِعام پر نہیں آیا ہے لہٰزا اس سے بچاؤ کا واحد حل صرف اور صرف احتیاط ہے۔
کرونا وائرس سے نبرد آزما ہونے کے لئے سماجی دُوری بے حد ضروری ہے اور یہ بیماری ہراس شخص کو متاثر کرتی نظر آ رہی ہے جس نے کسی بھی لحاظ سے سماجی دُوری اپنانے سے گریز کیا ۔
کورونا وائرس سے کیسے محفوظ رہ سکتے ہیں؟
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کسی کے ساتھ بھی قریبی رابطے سے گریز کریں اور جب آپ متاثرہ افراد کے رابطے میں ہوں یا مندرجہ ذیل میں سے کوئی علامات کے زیرِاثر ہوں جس میں کھانسی،بخار،سانس لینے میں دشواری محسوس ہو تو کپڑے کا ماسک پہنیں، اپنے ہاتھوں کو صاف کرنا یقینی بنائیں،اپنے ہاتھوں کو صابن اور پانی سے 40 سیکنڈ تک دھوئیں،یا الکحل پر مبنی ہینڈ سینیٹائزرکا استعمال کریں،مصافحہ اور معانقہ کرنے سے گریز کریں اوراپنے ہاتھوں کو دھونے سے پہلے اپنی آنکھوں، ناک اور منہ کو ہاتوں کے ذریعے چھونے سے گریز کریں۔



















