پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما فواد چوہدری نےملک میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کےپیشِ نظراہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اور بلاول زرداری کو خطے کے معاملات میں بالکل دلچسپی نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے بہت سے خوفناک روپ دیکھے ہیں اور پاکستانی فوج، پولیس اور سیکورٹی نافذ کرنے والے اداروں کی محنت سے ہم دہشتگردی سے بچ پائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج اور ادارے ہمارا فخر ہیں اور ہم ان کی مدد سے دوبارہ دہشت گردی پر قابو پا لیں گے،جب سے تحریک انصاف کی حکومت گئی ہے دہشت گردی کو مسلسل نظرانداز کیا جارہا ہے ۔
اس وقت دہشت گردی کے معاملے میں سیاسی طور پر بہتر ہینڈلنگ کی ضرورت ہے لیکن شہباز شریف اور بلاول زرداری کو خطے کے معاملات میں بالکل دلچسپی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر دہشت گردی کے معاملے کو سیاسی طور پر حل نہیں کیا گیا تو اس کا خاتمہ نہیں ہوگا لہزاس کے خاتمے کے لئے ہم اپنی افواج اور سیکورٹی نافذ کرنے والے اداروں کی پشت پر کھڑے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ دہشت گردی پر پوری طرح قابو پا لیں گے۔



















