احسن اقبال نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں کے پی کے میں بھی ن لیگ حکومت بنائے گی۔
تفصیلات کے مطابق رہنما ن لیگ احسن اقبال نے شکرگڑھ کے نواحی علاقہ ہری چند پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک اور موٹر وے جیسے بڑے منصوبوں پر ن لیگ اور نواز شریف کی مہر لگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اقتدار میں آکر تعمیر و ترقی کے منصوبے لاتی ہے،22 مارچ پاکستان کرکٹ کے ستارے نارووال سپورٹس کمپلیکس میں جلوہ گر ہونگے۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ 2018 میں سازش کے ذریعے اناڑی کو پاکستان کی کنجیاں دی گئیں ، اناڑی عمران خان نے پنا بھی سر پھاڑ لیا اور پاکستان کا بھی۔
احسن اقبال کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران نے اپنے ہاتھوں سے دو صوبائی اسمبلیاں ختم کرنے کی حماقت کی، عمران خان کو حماقت کا انٹرنیشنل ایوارڈ ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار نکلا تو عمران خان نے پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ بنوا دیا ، پرویز الہٰی کو عمران خود ہی ڈاکو کہتا تھا، پنجاب سے پی ٹی آئی کو موقع ملا تو پارٹی کا سب سے بڑا لفنگا وزیراعلیٰ بنائے گی۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی دور میں پنجاب میں دفاتر میں رشوت کی دکانیں کھل گئی تھیں، اب عمران خان کس منہ سے پنجاب سے ووٹ مانگے گا۔
رہنما ن لیگ احسن اقبال نے مزید کہا کہ دس سالہ دور حکومت میں پی ٹی آئی پشاور کو سیف سٹی نہ بنا سکی، پشاور میں نسداد دہشت گردی فورس کے پیسے پی ٹی آئی حکومت کھا گئی، آئندہ انتخابات میں کے پی کے میں بھی ن لیگ حکومت بنائے گی۔



















