چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ جنرل (ر) پرویز مشرف کی رحلت کے موقع پر میری دعائیں اور ہمدردیاں ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں، اللہ کریم انہیں اس صدمے کا بار اٹھانے کی سکت اور قوت عطا فرمائیں۔
On the passing of General (rerd) Pervez Musharraf my condolences and prayers go to his family. May Allah give them strength to bear this loss.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) February 5, 2023
یہ بھی پڑھیں: پرویز مشرف کے انتقال پر صدر اور وزیر اعظم کا اظہار افسوس
اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے سابق صدرپرویز مشرف کے ورثاء سے تعزیت کا اظہارِ کرتے ہوئے مرحوم صدر کیلئے دعائے مغفرت کی اور ورثاء کیلئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پرویز مشرف کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں، شہباز شریف نے مرحوم کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی بھی دعا کی۔
خیال رہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویزمشرف دبئی میں انتقال کرگئے، وہ دبئی کے نجی اسپتال میں کافی عرصے سے زیر علاج تھے، انکا انتقال امریکن اسپتال دبئی میں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں؛ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف انتقال کر گئے
پرویزمشرف 11 اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی اور بعد میں ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی۔
سابق صدر پرویز مشرف نے 1961 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا اور انہوں نے بعد میں اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی۔
پرویزمشرف نے 1965 اور 1971 کی جنگوں میں بھی حصہ لیا تاہم پرویزمشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے انہوں نے 1999 میں مارشل لاء نافذ کر کے چیف ایگزیکٹو کاعہدہ سنبھالا۔
سابق صدر پرویز مشرف اپریل 2002 میں ریفرنڈم کرا کر باقاعدہ صدر پاکستان منتخب ہوئے اور 2004 میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5سال کیلئے باوردی صدر منتخب ہوئے۔
پرویز مشرف 18 اگست 2008 کو مستعفی ہو کر بیرون ملک چلے گئے تھے تاہم پرویز مشرف بول نیوز پر’’سب سے پہلے پاکستان‘‘ پروگرام بھی کرتے رہے۔



















