Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا دورہ ترکیہ، آل پارٹیز کانفرنس موخر کردی گئی

وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے دہشت گردی اور دیگر قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) موخر کر دی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ ترکیہ کے باعث اے پی سی موخر کی گئی، وزیراعظم کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم صدر اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت، ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے، اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بتایا گیا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں اے پی سی 7 فروری کے بجائے 9 فروری کو ہو گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اے پی سی میں دہشت گردی کے خلاف متفقہ پالیسی اور اعلامیہ تیار کیا جائے گا۔

اے پی سی کے انعقاد کے لیے وزیر اعظم ہاؤس اور پارلیمنٹ ہاؤس دونوں مقامات کی تجویز کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جا رہی ہے، سردار ایاز صادق کے سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔

خیال رہے کہ اے پی سی میں شرکت کی دعوت کیلئے تحریک انصاف کو بھی باضابط مدعو کیا گیا ہے تاہم سردار ایاز صادق کے سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں۔

وزیراعظم کا فوری ترکی جانے کا فیصلہ

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر ترکیہ جانے کا فیصلہ کیا ہے،  وزیراعظم 8 فروری کو ترکیہ جائیں گے، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم دورہ ترکیہ میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، وزیراعظم ترک عوام سے اظہار ہمدردی کے لئے دورہ ترکیہ کر رہے ہیں،  وزیراعظم کی ترک صدر سے انقرہ میں ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ شدید زلزلے کے باعث ترکیہ اور شام میں 2 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ زخمیوں کی تعداد بھی 6000 سے تجاوز کرچکی ہے۔

متعلقہ خبریں