Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

شام زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی امدادی کھیپ روانہ

وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی جانب سے شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی امدادی کھیپ روانہ کردی گئی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق شام کے زلزلہ متاثرین کیلئے امدادی سامان میں خیمے اور کمبل شامل ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سامان اسلام آباد ایئر پورٹ سے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے دمشق بھیجا گیا تاہم زلزلہ سے متاثرہ شامی بہن بھائیوں کیلئے مزید امدادی سامان جلد بھیجا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر، چیئرمین این ڈی ایم اے اور شام کے سفیر بھی ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے پاکستان کی مشکل کی اس گھڑی میں شام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق امدادی سامان شام میں تعینات پاکستانی سفیر شاہد علوی ریسیو کریں گے تاہم مزید امدادی سامان براستہ روڈ شام اور ترکیہ کیلئے جلد روانہ کیا جائے گا۔

پاک فوج

دوسری جانب آرمی چیف جنرل  کی ہدایت پر گزشتہ روز پاک فوج کے دو دستے امدادای سامان کے ساتھ ترکیہ روانہ کردیے گئے تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ترکیہ جانے والے دستوں میں اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم میں ماہرین، سراغ رساں کتے، جدید آلات شامل ہیں جبکہ آرمی ڈاکٹرز، نرسنگ اسٹاف اور ٹیکنیشنز پر مشتمل میڈیکل ٹیم بھی ترکیہ روانہ ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا ترکیہ میں زلزلے سے تباہی پر اظہار افسوس

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ترکیہ زلزلہ زدگان کے لیے 30 بستروں پر مشتمل موبائل اسپتال بھی بھیجا گیا ہے جبکہ امدادی سامان میں خیمے، کمبل اور دیگر امدادی اشیاء بھی بھیجی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی معاون دستے ترکیہ زلزلہ زدہ علاقوں میں بچاؤ، امدادی کاموں کی تکمیل تک موجود رہیں گے۔

پاک فضائیہ

پاک فضائیہ کا طیارہ سی-130  ریسکیو ٹیم اور امدادی سامان لے کر گزشتہ روز ترکیہ پہنچ گیا تھا۔

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق پاک فضائیہ کا سی-130 ہرکولیس طیارہ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کے ارکان اور کمبل لے کر پی اے ایف بیس نور خان سے ترکیہ پہنچ گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ میں ہلاکت خیز زلزلے کے بعد سات روزہ سوگ کا اعلان

ترجمان کا کہنا تھا کہ طیارہ پاکستانی عوام کی طرف سے زلزلہ سے متاثرہ ترک بھائیوں کے لیے امدادی سامان لے کر پہنچا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پاک فضائیہ کا ٹرانسپورٹ بیڑا اندرون اور بیرون ملک قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔

پی آئی اے

علاوہ ازیں قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کی جانب سے ترکیہ اور شام کے لیے خصوصی فضائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے، گزشتہ روز قومی ایئرلائن کی خصوصی پرواز امدادی سامان لیکر لاہور سے استبول روانہ ہوگئی تھی۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ پی کے 707 پاکستانی ریسکیو ٹیم اور ان کے خصوصی آلات کو لے کر لاہور سے استنبول روانہ ہوگیا، پرواز میں امدادی سامان کی ترسیل کیلئے بھی اقدامات مکمل کیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں ترکیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جائیگا، وزیراعظم

ترجمان کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ نے انسانی ہمدردی بنیادوں پر ریلیف سامان کی ترسیل بھی بلامعاوضہ کررہی ہے، پی آئی اے کی استنبول اور دمشق جانے والی تمام پروازوں پر ریلیف سامان کی ترسیل مفت کردی گئی ہے۔

ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم

خیال رہے کہ ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کردیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ’وزیراعظم ریلیف فنڈ‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کی پیش نظر اراکان کابینہ کی جانب سے ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا گیا ہے جبکہ وزیراعظم نے بھی خیر حضرات سے امداد کی اپیل کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کا دورہ ترکیہ، آل پارٹیز کانفرنس موخر کردی گئی

اس موقع پر وزیر اعظم نے کابینہ اراکین کو دورہ ترکیہ سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد رنجیدہ ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ زلزلے کی تباہی سے نمٹنے میں پاکستان ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گا۔

متعلقہ خبریں