امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ انعیم الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن کمیشن کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے جو کچھ بھی ہمارے پاس موجود ہے اس کے مطابق 100 فیصد انتخابات میں دھاندلی کی گئی ہےاور آر اوز کے ذریعے نتائج کو تبدیل کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹوں کے لحاظ سے تو جماعت اسلامی آگے ہے ہی لیکن یو سیز کے نمبر سے بھی یہ بات واضح ہوجائیگی کہ ہم پہلے نمبر پر موجود ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ 22 تاریخ کو ان 6 یونین کے معاملے پر سماعت کر کے نتائج کا اعلان کرے تاکہ لوگوں کو یقین ہوجائے کہ انصاف مل سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مینڈیٹ کے تحفظ کے بغیر بات چیت ممکن نہیں، حافظ نعیم الرحمان
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ یہ الیکشن کمیشن کے پاس موقع ہے کہ وہ انصاف فراہ کرے اور اپنے ساکھ کو بہتر بنائے۔
ان کا کہنا تھا کہ ری کاؤنٹنگ کے بعد جب پیپلزپارٹی کو لگا کہ معاملہ ان کے ہاتھ سے نکل جائے گا تو انہوں نے اپنی ہاری ہوئی یوسیز کی درخواستیں دینا شروع کردی ہیں ۔
انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو خود اندازہ کرنا چاہیئے کہ صورتحال پورے الیکشن کی کتنی خراب ہے اور عوام بھی مطمئن نہیں ہیں، ایسی صورتحال میں یہ کہنا کہ جو ہار جاتا ہے وہ اپنا کیس لے کر آتا ہے تو شاید ایسا ہو تو لیکن آپ کمنٹس پر نہیں میرٹ پر فیصلہ کریں ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کا کام کمنٹس کرنا یا تبصرے کرنا نہیں ہے بلکہ انصاف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے پی پی سے زیادہ سیٹیں حاصل کی، پیپلزپارٹی مینڈیٹ تسلیم کرنے کا حوصلہ پیدا کرے ۔



















