پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پربرفباری کی پیش گوئی کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں جمعرات اور جمعہ کےدرمیان ملک کےمغربی اور بالائی علاقوں میں تیز ہواؤں سمیت گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی جارہی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی ہوائیں بدھ کی رات سے ملک کےمغربی علاقوں میں داخل ہوں گی جو9 فروری تک ملک کے بالائی علاقوں میں پھیل جائیں گی اور10 فروری تک شمالی علاقہ جات پر موجود رہیں گی۔
بعض مقامات پر درمیانی اور چند مقامات پر موسلادھار بارش اور برفباری متوقع ہے
09 سے10 فروری کے دوران اسلام آباد ، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد،منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ ،نارووال میں بارش کا امکان ہے جبکہ فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، قصور، شیخوپورہ ،ننکانہ صاحب ، خوشاب، میانوالی اور سرگودھا میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی دوران چند مقا مات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
08 سے 10 فروری کے دوران مری میں برفباری متوقع ہے، پی ڈی ایم اے
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری میں برفباری سے سڑکیں بند ہوجانےکے باعث گاڑیوں کی آمد ورفت متاثر ہوسکتی ہے جبکہ اسی دوران مری میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے 24/7 الرٹ رہیں گے، پی ڈی ایم اے
پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ مری جانے والےسیاح بارش اور برفباری کے دوران محتاط رہیں اورغیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔
سیاح ایڈوائزری پر من و عن عمل کریں اور کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن نمبر 1129 پر کال کرکے مدد حاصل کریں۔
کنٹرول رومز سے مری کی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ڈی ایم اے
ڈی ایم اے ترجمان نے مزید کہا کہ برف ہٹانے کے لیے ہیوی مشینری اور اسٹاف کی مختلف شفٹوں میں ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں جبکہ مری میں سیاحوں کی سہولت کے لیے فسیلیٹیشن سنٹرز بھی مکمل طور پر فعال کردیئے گئے ہیں۔



















