Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایک منصوبے کے تحت پاکستان میں مصنوعی حکومت قائم کی گئی ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ایک منصوبے کے تحت پاکستان میں مصنوعی حکومت قائم کی گئی ہے۔

  تفصیلات کے مطابق مرکزی امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پختونخوا امن مارچ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے ہوتے ہی حکمران اور محافظین اپنی عمارتوں کی دیواریں اونچی کرنا شروع کر دیتے ہیں، اگر امن نہیں دے سکتے تو پاکستان اور عیش و آرام چھوڑ دیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں معاہدے کے بعد پختونخوا کا امن تباہ ہو گیا، ایک سازش کے تحت پاکستان کو بھی تباہ کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سامراجی قوتیں پاکستان میں خانہ جنگی چاہتے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ پشاور میں سویلین اور پولیس شہید ہوئے لیکن پی ڈی ایم اور تحریک انصاف سیاست میں مصروف ہے جبکہ شہباز شریف اور عمران خان کو شرم آنی چاہئیے۔

یہ بھی پڑھیں؛ مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے ، سراج الحق

انہوں نے کہا کہ مفاد پرست ٹولے کو اقتدار کی فکر ہے جبکہ ان حالات میں ضمنی انتخابات کی کیا ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہپولیس لائینز مسجد خودکش حملے کی ذمہ داری وفاقی نہ صوبائی حکومت نے قبول کی اور آصف زرداری، بلاول بھٹو، عمران خان، مولانا فضل الرحمان کو سانحہ پشاور کے بعد یہاں نہیں دیکھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رات گئی بات گئی آخر پختونخوا کے لوگوں کا کیا قصور ہے؟ پختونخوا کے لوگوں کو اپنا نہیں سمجھا جا رہا۔

سراج الحق نے کہا کہ افغانستان سے روسی و نیٹو افواج کے انخلاء میں ہمارے لوگوں نے بھی قربانیاں دیں جبکہ وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے افغانستان کا ایک بھی دورہ نہیں کیا۔

یہ بھی پڑھیں؛ حکمرانوں کی بے حسی نے آج عوام کے چہروں سے مسکراہٹ چھین لی ہے، سراج الحق

انہوں نے کہا کہ امریکا پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے، امریکا پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک منصوبے کے تحت پاکستان میں مصنوعی حکومت قائم کی گئی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا سے سوتیلی ماں کا سلوک قبول نہیں ہے، کے پی میں امن قائم نہ ہوا تو اسلام آباد میں دھرنا دیں گے اور اس وقت تک اسلام آباد میں بیٹھے رہیں گے جب تک ہمارے مطالبات نہیں مان لیے جاتے۔

متعلقہ خبریں