Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی پی ٹی آئی کے ارکان کو ایوان میں آنے سے روکنے کی تیاری

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 ارکان کو ایوان میں واپس آنے سے روکنے کی تیاری کرلی ہے۔

ذرائع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ اسپیکر آفس کو لاہور ہائی کورٹ کا کوئی فیصلہ تاحال نہیں ملا، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ملے گا تو اسپیکر جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کریں گے۔

  اسپیکر آفس کے ذرائع نے کہا کہ ابھی تک اسپیکر کا استعفے قبول کرنے کا فیصلہ برقرار ہے، پی ٹی آئی کے 43ارکان کو ایوان میں نہیں آنے دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز لاہورہائی کورٹ نے پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل کردیا۔

عدالت نے 43 حلقوں میں ضمنی الیکشن تاحکم ثانی روک دیا اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے 43 ایم این اے کے استعفی منظور کرنے کے اقدام کو چیلنج کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ قومی اسمبلی سے استعفوں کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا۔

پی ٹی آئی کے ارکان تاحال قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں، الیکشن کمیشن

دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کو ڈی سیٹ کرنے کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا تھا۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن معطل کیا ہے، پی ٹی آئی کے 43 ارکان قومی اسمبلی کی رکنیت بحال نہیں کی گئی۔

ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ارکان تاحال قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں، ارکان اجلاس میں شرکت نہیں کرسکتے، نہ ہی مراعات استعمال کر سکتے ہیں۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا مزید کہنا تھا کہ عدالت کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن ان نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری نہیں کرے گا۔ الیکشن کمیشن نے ان نشستوں پر مخصوص ارکان کی تقرری کا عمل بھی روک دیا ہے۔

متعلقہ خبریں