قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ کا کوئی فیصلہ موصول نہیں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا پاکستان تحریک انصاف کے استعفوں کے حوالے سے موقف سامنے آگیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ نہ ہمارے سامنے ہے نہ ہم نے اسے پڑھا ہے، اس فیصلے کی کوئی تفصیلات ہمیں نہیں ملیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سامنے نہیں آتا اس معاملے پر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکتی۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی کے 43 ارکان اسمبلی کے استعفے منظور کرنے کا حکم معطل
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ سنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں ہمیں بھی پارٹی بنایا گیا ہے، اس حوالے سے ہمیں اب تک کوئی نوٹس بھی نہیں ملا۔
راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ہمیں موصول ہوگا تو اس پر قانونی ماہرین سے رائے لیں گے اور مشاورت کرکے فیصلہ کریں گے کہ ہم نے کیا لائحہ عمل اختیار کرنا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی پی ٹی آئی کے ارکان کو ایوان میں آنے سے روکنے کی تیاری
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 43 ارکان کو ایوان میں واپس آنے سے روکنے کی تیاری کرلی۔
یہ بھی پڑھیں: ہمارے اراکین قومی اسمبلی میں جائیں گے، شہزاد وسیم
ذرائع قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا تھا کہ اسپیکر آفس کو لاہور ہائی کورٹ کا کوئی فیصلہ تاحال نہیں ملا، لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ملے گا تو اسپیکر جائزہ لے کر حتمی فیصلہ کریں گے۔
اسپیکر آفس کے ذرائع نے کہا کہ ابھی تک اسپیکر کا استعفے قبول کرنے کا فیصلہ برقرار ہے، پی ٹی آئی کے 43ارکان کو ایوان میں نہیں آنے دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کے ارکان تاحال قومی اسمبلی کے رکن نہیں ہیں، الیکشن کمیشن



















