فرخ حبیب نے کہا ہےکہ عوام کو نواز شریف جیسے چور اور نااہل شخص کی بلکل بھی ضرورت نہیں۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز کی گفتگو پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مریم نواز پھر سے ملک میں انتشار پھیلانے کے ایجنڈے پر گامزن ہیں،ان کو دماغی معالج کی سخت ضرورت ہے، شریف خاندان کا ہر فرد عوام کو بے وقوف بنانے اور جھوٹ بولنےمیں یدِتولی رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چند افراد کو زبردستی اکٹھا کر کے جلسی جلسی کھیلنے سے مریم نواز کا بیانیہ عوام میں پذیرائی حاصل نہیں کر سکتا، مریم کو عمران فوبیا ہو چکا ہے، ویسے ان کا نام نہیں لینا چاہتی مگر سارے خطاب میں انہی کی گردان سناتی رہی۔
فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ عوام(ن)لیگ کی گھٹیا اور انتشار کی سیاست کو بری طرح مسترد کر چکے ہیں ،کسی کو انکے بیانیے میں دلچسپی نہیں رہی، مریم نواز کی سیاست جھوٹ،مکر،فریب سے شروع ہو کر انتقام اور فسطائیت پر ختم ہو جاتی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف نے ملک کو تباہی،مہنگائی،قرضوں اور بدعنوانی کی دلدل میں دھکیلا، خیبرپختونخواہ کی غیور عوام کو نواز شریف جیسے چور اور نااہل شخص کی بلکل بھی ضرورت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی آنکھوں میں عوامی مفاد کی بجائے چوری اور مکاری سمائی ہے،اسی لئے انکو کے پی میں ترقیاتی منصوبے نہیں دکھتے، تحریک انصاف نے خیبرپختونخواہ کی عوام کی خدمت کی،صوبے کو ترقی سے روشناس کروایا۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ پشاور میں ہونے والے سانحے کی ذمہ داری امپورٹڈ حکومت کی عدم توجہ اور نااہلی پر ہے، بلین ٹری سونامی کے منصوبے کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی، تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے خیبرپختونخواہ کو دہشتگردی سے نکال کر سیاحت کی جانب گامزن کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کے پی پولیس کو ماڈل پولیس بنایا،امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنایا، تحریک انصاف کی بہترین کارکردگی کی وجہ سے صوبے کی عوام نے دو مرتبہ اقتدار تک پہنچایا۔
فرخ حبیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے اپنے دورِ حکومت میں 55لاکھ سے زائد نوکریوں کے مواقع فراہم کئے، پورے ملک کی طرح (ن) لیگ کا خیبرپختونخواہ سے بھی صفایا ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کی سیاست دفن ہو چکی،مریم اب اپنی جماعت کا ملبہ اٹھائے دربدر گھوم رہی ہیں، مریم عوام کو گمراہ نہ کریں، نواز شریف کو چوری اور بددیانتی پر سزا ہوئی،مگر عدالتوں سے جھوٹ بول کر بھاگ گیا۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ عوام انتخابات میں کرپٹ ٹولے سے تمام مظالم،فسطائیت،ابتر گورننس اور بدترین مہنگائی کا حساب لیں گے، عوام سب حقائق سے واقف ہیں،اب انکی آنکھوں میں دھول جھونکے والا پراپیگینڈہ نہیں چلے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں ملک کو بھاری بھرکم قرضوں میں جکڑنے والوں کے جھوٹے دعووں پر کوئی یقین نہیں کرتا،9، 10 ماہ پہلے ملک 6فیصد سے ترقی کر رہا تھا،پھر سازش کے تحت جھوٹوں،نااہلوں کو مسلط کر کے بیڑاغرق کر دیا گیا۔
فرخ حبیب کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے دور میں معیشت مستحکم تھی، دہشتگردی پر بھی قابو پا لیا گیا تھا، بدترین مہنگائی اور نااہل ترین حکومت کے موجودہ دور میں مریم نواز بغیر سکیورٹی بازاروں میں عوام کے درمیان جائیں لگ پتا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار پر یقین کرنے کا کہہ کر مریم نواز نے اگلے ہی دن پیٹرول بم گروا دیا، چوروں نے معیشت کی ایسی تباہی پھیری کہ عوام کی قوتِ خرید بلکل جواب دے چکی ہے۔
فرخ حبیب نے یہ بھی کہا کہ اگلے انتخابات میں تحریک انصاف عوامی حمایت سے واضح برتری کے ساتھ اقتدار میں آئے گی، انتخابات (ن) لیگ کے لئے ایک ڈراونا خواب ثابت ہونگے،انکو عوامی ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے مزید کہا کہ عوام پی ڈی ایم کے چوروں کی منفی سیاست سے تنگ آچکے ہیں، انتخابات میں صرف بلا چلے گا،تمام دھوکےبازوں اور کرپٹ عناصر کو شکستِ فاش دینگے۔
یہ بھی پڑھیں؛ بی آر ٹی چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے، مریم نواز
واضح رہے اس سےقبل مریم نواز نے ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کی طرف سلام پیش کرتی ہوں، ن لیگ کے شیروں کا شکریہ ادا کرتی ہوں، جب بھی ہزارہ آتی ہوں بہت محبت سے میرا استقبال کیا جاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا تھا کہ نواز شریف نے سب سے پہلے ورکرز کی بات سننے کا کہا، میری خواتین ونگ سے ملاقات بھی شیڈول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کو وسائل کی ضرورت نہیں ہے، صوبے کو اس وقت نواز شریف کی ضرورت ہے، خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع میں خود چل کر جاوں گی، پاکستان کے قابل ذکر منصوبے ن لیگ کے دور میں بنے، ہر قابل ذکر منصوبے پر نواز شریف کا نام لکھا ہوا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بلین ٹری منصوبے کا نام سن سن کے ہمارے کان پک گئے، پشاور دھماکے کا کون ذمہ دار ہے جس میں سیکڑوں جانیں گئیں؟ 10سال میں خیبر پختونخوا میں لوگوں کو ان کا حق نہیں ملا، جو کہتا تھا کہ میں پشاور کو لاہور بناوں گا اس نے لاہور کو بھی پشاور بنا دیا، پشاور دھماکے کے قصوروار وہ ہیں جو 10سال حکومت کرتے رہے۔
مریم نواز نے کہا کہ ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا گیا ایک ہزار نوکریاں ہی دکھا دو، 2022 اور 2023 کا موازنہ نہیں ہو گا۔



















