Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایسا آئینی بحران پیدا کیا جارہا ہے کہ ریاست ہل کر رہ جائیگی، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر سے ایسا آئینی بحران پیدا کیا جا رہا ہے کہ ریاست ہل کر رہ جائے گی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں فواد چوہدری نے پاکستان اور آئی ایم ایف معاہدے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ابھی تک حتمی صورت اختیار نہیں کر سکا اور دوسری طرف زرمبادلہ کے ذخائر تین بلین ڈالر سے بھی کم رہ گئے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ معاشی بحران سیاسی بحران کی وجہ سے پیدا ہوا اور اب الیکشن میں تاخیر سے ایسا آئینی بحران پیدا کیا جا رہا ہے کہ ریاست ہل کر رہ جائے گی، عدلیہ ہی امید ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات ختم ہوگئے تاہم اسٹاف کی سطح پر تاحال معاہدہ نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف وفد کی وزیر اعظم سے ویڈیو لنک پر ملاقات ہوئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے آئی ایم ایف کے وفد سے پروگرام پر تبادلہ خیال کیا۔

مزید پڑھیں : پاکستان نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے، اسحاق ڈار

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو آئی ایم ایف وفد نے پاکستان کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا جس پر وزیر اعظم نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاملات طے کرنے کی منظوری دیدی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے آئی ایم ایف کے وفد کی ہونے والی ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شریک ہوئے۔

 دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے مذاکرات کے بعد وزارت خزانہ پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انشاءاللہ آج اچھی خبر ہوگی، مذاکرات آج مکمل کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کے آخری دن تفصیلی گفتگو

وزیر خزانہ نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات کیلئے رات بارہ بجے تک کا ٹائم ہے۔

اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف سے جو وعدے کئے ہیں وہ پورے کریں گے اور مذاکرات کو آج کسی سمت کی طرف لے کر جائیں گے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہمیشہ ایسے ہی مذاکرات ہوتے ہیں، ماضی کی حکومت نے بھی اگرغلط کمٹمنٹ کی وہ بھی پوری کریں گے۔

متعلقہ خبریں