Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سندھ حکومت کا موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سے متعلق بڑا اقدام

سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سے متعلق تمام سرکاری و نجی جامعات میں الگ مضمون متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر جامعات و ماحولیات اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات اور تمام وی سیز کو موسمیاتی تبدیلی کے الگ مضمون پر کام شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام جامعات موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی سے متعلق الگ مضمون متعارف کروائیں، ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کی وجہ سے سندھ زیادہ درجہ حرارت اور خشک سالی کا شکار ہونے لگا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے بچنے کے لئے جامعات میں طلبہ کو بنیادی معلومات فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ جامعات میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق مضمون پڑھانے سے انسانی صحت کے معیار کو بہتر کرنے مدد ملے گی، موسمیاتی تبدیلی کی تعلیم کی بدولت طلبہ و طالبات کو روزگار کے زیادہ موقع میسر ہونگے، مضمون کی تعلیم سے سمندری آلودگی، صنعتی ویسٹ منیجمنٹ اور اسپتالوں کے ویسٹ ڈسچارج کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں؛ سندھ حکومت کی جانب سے آن لائن تعلیم کے سلسلے میں اہم پیش رفت

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہے، اس وقت اگر موسمیاتی تبدیلی پر آگاہی نہ دی گئی تو آئندہ نسل کو مزید پریشانی کا سامنہ ہو گا، عالمی برادری بھی اس وقت موسمیاتی تبدیلی کو دھرتی اور اس کے مکینوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دے چکی ہے، موسمیاتی تبدیلی اور اس سے پیدا ہونے والی ماحولیاتی آفات پاکستان کے لیے مستقل خطرہ رہینگے، موسمیاتی تبدیلی پاکستان میں غذائی پیداوار کے لیے براہ راست خطرہ بھی ہے۔

متعلقہ خبریں