اینٹی نارکوٹکس فورس( اے این ایف) نے ایک ہفتے میں 30 کارروائیوں کےدوران بھاری مقدارمیں منشیات اور ممنوعہ کیمیکلز برآمد کرلئےہیں۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے ملک بھر میں کامیاب کارروائیوں کے دوران 3 خواتین اور ایک غیر ملکی باشندے سمیت 19 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ منشیات کی اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی 4 گاڑیاں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کی ہفتے بھر میں 30 کارروائیوں کے دوران17.827 ملین ڈالر بین الاقوامی مالیت کی 741.693 کلوگرام منشیات اور 6020 لیٹرز ممنوعہ کیمیکل برآمد کیا گیا ہے۔
جبکہ منشیات میں 5.338 کلوگرام ہیروئن، 689.741 کلوگرام چرس،14 کلو گرام افیون ،11.556 کلو میتھ ایمفیٹامائن آئس،20.430 کلوگرام ایمفیٹا مائن اور 3376 عدد نشہ آور گولیاں برآمد کر لی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق بلوچستان میں انیٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے کی جانے والی 5 کاروائیوں میں 239.200 کلوگرام منشیات اور 6020 لیٹرزممنوعہ کیمیکل برآمد کر لیا ہے اورایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے، منشیات میں 3 کلوہیروئن، 227 کلوچرس اور 9.200کلو میتھ ایمفیٹامائن (آئس ) بھی برآمد ہوئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بھی اے این ایف کی 11 کاروائیوں کے دوران 221.767 کلومنشیات برآمد ہونے کے بعد اسمگلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے،برآمد کی گئی منشیات میں 199.841 کلو چرس،1.496 کلو میتھ ایمفیٹا مائن آئس اور 20.430 کلو ایمفیٹامائن شامل ہے۔
علاوہ ازیں اے این ایف نے خیبر کے راستےپشاور میں اسمگل کی جانے والی بھاری مقدار میں منشیات برآمد کرتے ہوئے اسمگلنگ کی کوشیش ناکام بنا دی ہے۔
تورخم بارڈر کے قریب خیبر کے رہائشی ملزم سے 19 کلو 430 گرام آئس اور 5 کلو 220 گرام مشکوک مواد بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ لسبیلہ ٹول پلازہ کے قریب کاروائی کرتے ہوئے تربت کے رہائشی ملزم سے 3 کلو ہیروئن اور ایک کلو آئس برآمد کی گئی۔
پنجاب میں جاری 4 کاروائیوں کے دوران 202.580 کلو منشیات برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا ہےجبکہ ایک گاڑی بھی قبضے میں لے لی گئی ہے،برآمد منشیات میں1.080 کلوگرام ہیروئن ،14 کلو افیون اور187.500 کلوگرام چرس شامل ہے ۔
سندھ میںاینٹی نارکوٹکس فورس کی جانب سے 4 کاروائیاں کی گئیں جس میں میں 73.980 کلو منشیات برآمد کرکے 3 خواتین سمیت 7 ملزمان کو گرفتارکر لیا ہے جبکہ 2 گاڑیا ں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں،برآمد کی گئی منشیات میں 1.180 کلو ہیروئن،72 کلو چرس اور 0.800 کلومیتھایمفیٹامائن (آئس) شامل ہیں ۔
راولپنڈی میں 6 کاروائیوں کے دوران 4.166 کلومنشیات برآمد کرکے ایک غیر ملکی سمیت 6 ملزمان کو گرفتارکر لیا گیا ہے اوربرآمد شدہ منشیات میں 0.078 کلوہیروئن 3.400 کلو چرس،0.060 کلو میتھ ایمفیٹا مائن آئس اور 3376 عدد نشہ آور گولیاں شامل ہیں ۔
اے این ایف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مقدمات انسداد ِ منشیات ایکٹ کے تحت متعلقہ تھانوں میں درج کرکے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔



















