Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وفاقی کابینہ کی بجلی صارفین سے فیول چارجز وصول کرنے کی منظوری

وفاقی کابینہ کی جانب سے بجلی صارفین سے فیول چارجز وصول کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پوری کرتے ہوئے بجلی صارفین سے فیول چارجز وصول کرنے کی منظوری دی ہے۔

 

ذرائع کے مطابق بجلی صارفین سے 55 ارب روپے ریکور کئے جائیں گے جس کے تحت جون، جولائی2022 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹس کی ریکوری کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف کی ایک اور شرط منظور

ذرائع نے بتایا کہ بجلی صارفین سے فیول چارجز کی وصولیاں اقساط میں کی جائیں گی جس کے تحت جون2022 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے9.90 روپے فی یونٹ وصول کئے جائیں گے اور جولائی2022 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے 4.34 روپے فی یونٹ بھی وصول کئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ای سی سی نے جنوری سے جون 2023 تک گیس نرخوں میں اضافے کی منظوری دے دی۔

وزارت توانائی دستاویز کے مطابق گھریلو، کمرشل، ایکسپورٹر کیلئے قدرتی گیس کی قیمتوں میں 100 فیصد سے زائد کا اضافہ کر دیا گیا جب کہ کمرشل صارفین کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت 1283 روپے سے بڑھا کر 1650 روپے کر دی۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ بلک میں خریدنے والے صارفین کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس کی قیمت 780 سے بڑھا کر 1600 روپے ہو گی، کے الیکٹرک، ایس این پی سی کے پاور پلانٹ کیلئے گیس 1050 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو میں ملے گی۔

خیال رہے کہ کے الیکٹرک، ایس این پی سی کے پاور پلانٹ اس سے پہلے گیس 857 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو میں مل رہی تھی۔

دستاویز کے مطابق فرٹیلائرز کے کارخانوں کیلئے گیس کی قیمتوں میں 1225 روپے تک فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کر دیا گیا، سیمنٹ انڈسٹری کو فی ایم ایم بی ٹی یو گیس 1277 روپے کیبجائے 1500 روپے میں ملے گی جب کہ ایکسپورٹ انڈسٹری کیلئے فی ایم ایم بی ٹی یو گیس 1100 روپے، سی این جی فی ایم ایم بی ٹی کی قیمت 1805 روپے ہو گی۔

متعلقہ خبریں