وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اوورسیز پاکستانیوں کے لیے”پاور آف اٹارنی“ کی آٹومیشن سروس کا افتتاح کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تقریب سے خطاب میں آٹومیشن سروس کے افتتاح کو سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لیے ایک بڑے قدم کی تکمیل قرار دیا۔
وزیر خارجہ نے ان تمام لوگوں کو بھی مبارکباد پیش کی جنہوں نے اس منصوبے کو حقیقت بنانے میں مدد کے لیے سخت محنت کی۔
پاور آف اٹارنی کی خود کار تصدیق کے لیے آٹومیشن سروس اوورسیز پاکستانیوں کا ایک دیرینہ مطالبہ تھا۔
آٹومیشن سروس سے ان لوگوں سہولت ملے گی جنھیں مختلف شہروں اور دور دراز مقامات سے مشن تک طویل سفر طے کرنا پڑتا ہے۔
خودکار تصدیقی نظام لاگت کو کم کرے گا اور دہلیز پر خدمات فراہم کرکے پریشانی کو کم کرے گا۔
خودکار تصدیقی نظام کی سروس اب عالمی سطح پر بیرون ملک مقیم تمام پاکستانیوں کے لیے دستیاب ہوگی۔
پاور آف اٹارنی کی آٹومیشن سروس کی افتتاحی تقریب میں وزارت خارجہ میں منعقد ہوئی جس میں وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر، تقریب پارلیمانی سیکرٹری برائے امور خارجہ سید حسین طارق، سیکرٹری خارجہ ڈاکٹر اسد مجید خان اور نادرا کے چیئرمین ڈاکٹر محمد طارق ملک بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ پاور آف اٹارنی کی آٹومیشن سروس نومبر 2021 میں امریکہ اور برطانیہ میں دس پاکستانی مشنز/ سب مشنز میں پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر شروع کی گئی تھی۔



















