Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

عدلیہ آئین شکنی کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی،پرویزالہٰی

پرویزالہٰی نے کہا ہے کہ عدلیہ آئین شکنی کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ گورنر کا موقف ہے کہ انہوں نے اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس پر دستخط نہیں کیے اس لئے تاریخ نہیں دیں گے، گورنر پنجاب بتائیں جب انہوں نے اسمبلی تحلیل پر دستخط نہیں کئے تو پھر نگران حکومت کس اختیار کے تحت بنائی؟گورنر نے وزیراعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر کو نگران سیٹ اپ کے لئے مشاورت کےخطوط کیسے لکھے؟

پرویزالہٰی نے کہا کہ گورنرنے اسپیکر کو کس حیثیت سے پارلیمانی کمیٹی بنانے کے لئے خط لکھا؟ گورنر پنجاب نے نگران کابینہ سےحلف کس حیثیت سےلیا؟ گورنر پنجاب میٹھا میٹھا ہپ کرچکے اور اب الیکشن تاریخ سے بھاگ رہے ہیں،گورنر اگر آئینی ذمہ داری کو نہیں مانتے تو پھر ان کا قائم کردہ نگران سیٹ اپ بھی غیر آئینی ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ گورنر جب خود کو اسمبلی تحلیل سے الگ کر رہے ہیں اور تاریخ نہیں دے رہے تو پھر آئینی عمل آگے بڑھا ہی نہیں، گورنر کے اس اقدام کے بعد نگران سیٹ اپ قائم ہوا ہی نہیں، نگران سیٹ اپ کے تمام اقدامات بھی غیر قانونی ہیں، نگران سیٹ اپ کو غیر قانونی اقدامات پر انکے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آئین سے ماورا اقدامات کرنے والے ارٹیکل چھ کے تحت کارروائی کا سامنا کرنے کے لئے تیار رہیں، آئین کی پامالی کی کوئی کوشش قوم برداشت نہیں کرے گی، گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن جان لیں آئین کی خلاف ورزی قابل گرفت ہے۔

پرویزالہٰی کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان کے خوف سے پی ڈی ایم اور اس کے ہمنوا آئین شکنی پر اتر آئے ہیں، اسمبلی تحلیل کے بعد انتخاب آئینی حقیقت ہے اس سے گورنر یا الیکشن کمیشن بھاگ نہہں سکتا۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہٰی کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ آئین شکنی کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہونے دے گی، وکلا تنظیمیں بھی آئین شکنی کا راستہ روکیں گی۔

متعلقہ خبریں