Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی ملک کا معاشی حب ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کا مرکز بھی ہے، گورنر سندھ

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کا مرکز بھی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری سے پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے چیئر مین نجم سیٹھی کی وفد کے ہمراہ گورنر ہاﺅس میں ملاقات ہوئی جس میں پاکستان سپر لیگ، کرکٹ کے فروغ، غیر ملکی ٹیموں کے ٹورز اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نےکہا کہ پی ایس ایل کے 7 کامیاب ایڈیشنز سے ملک میں کرکٹ کو فروغ ملا ہے،8 ویں ایڈیسن میں ٹیموں کے مابین بہترین مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

کامران خان ٹیسوری نے یہ بھی کہا کہ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے لئے پی سی بی کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، کراچی ملک کا معاشی حب ہونے کے ساتھ ساتھ کرکٹ کا مرکز بھی ہے۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے دوران کراچی کرکٹ بخار میں مبتلا ہو جاتا ہے، پی ایس ایل اب ایک بین الاقوامی برانڈ بن چکا ہے، غیر ملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کا ایک سبب پی ایس ایل بھی ہے۔

ملاقات میں نجم سیٹھی نے کہا کہ گورنر سندھ کی پاکستانی کرکٹ کے فروغ میں دلچسپی قابل تحسین ہے، پی ایس ایل کے کامیاب انعقاد کو یقینی  بنائیں گے۔

وفد میں ہارون رشید،سلمان نصیر،سمیع برنی، عثمان واہلہ شہر بانو،اور ارشد خان شامل تھے جبکہ ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں