اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کی ملک بھر میں کامیاب کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد جی ٹی روڈ سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب اینٹی نارکوٹکس کی کاروائی کے دوران پک اپ کے فرش میں بنے خُفیہ خانے سے 15 کلو 600 گرام چرس اور 8 کلو 400 گرام افیون برآمد کر لی گئی جس کے بعد نوشہرہ کے رہائشی مُلزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر فلائٹ نمبر G 9540 سے بین الاقوامی اسمگلرز کو گرفتار کرلیا گیا ہے شارجہ جانے والے مُلزم کے پاس سے868 گرام ہیروئین برآمد ہوئی ہے جسے بڑی مہارت سے لیپ ٹاپ اور ٹرالی بیگ میں چھُپایا گیا تھا۔
کوئٹہ ثوب ہائی وے کچلاک کے قریب بھی خُفیہ اطلاع ملنے پر اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے غیرآباد مکان سے 50 کلو ہیروئن برآمد کرلی جسے زیرِ زمین چھپایا ہُوا تھا۔
علاوہ ازیں اے این ایف اور ایف سی نے خیبرمیں مشترکہ کارروائی کے دوران پاک افغان بارڈر پر پلاسٹک کے تھیلوں میں سے 25 کلو چرس برآمد کرلی ہے۔
اے این ایف ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار کئے گئے تمام مُلزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔



















