پاکستان اور جاپان نے 7ویں مشترکہ حکومتی بزنس ڈائیلاگ کے منٹس پر دستخط کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق منٹس پر دستخط کی تقریب وزارت تجارت، اسلام آباد میں منعقد ہوئی، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا نے منٹس پر دستخط کیے۔
سید نوید قمر نے اس موقع پر کہا کہ جاپان پاکستان کا ایک اہم تجارتی پارٹنر ہے، حالیہ سیلاب کے دوران مسلسل تعاون پر جاپان کی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
دونوں اطراف نے دوطرفہ اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
واضح رہے کہ جوائنٹ بزنس ڈائیلاگ پاکستان اور جاپان کے درمیان ایک باقاعدہ سرکاری اور کاروباری سطح پر بات چیت ہے اور اس مکالمے کا ساتواں اجلاس 29 ستمبر 2022 کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔



















