Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ہمارا مقصد انسانیت کی خدمت ہونا چاہئیے، میر عبدالقدوس

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس نے کہا ہے کہ ہمارا مقصد انسانیت کی خدمت ہونا چاہئیے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس سے صوبائی اسمبلی چیمبر میں بلوچستان کے علماء اور مشائخ کی ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس نے کہا کہ معاشرے کی تعمیر و تشکیل میں علماء کا کردار کلیدی ہے، معاشرے میں بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ علماء اور مشائخ اللہ کے نیک بندے ہیں، نیک بندوں پر اللہ تعالی کے امتحانات اور آزمائش آتی رہتی ہیں، ہم سب اللہ کے بندے ہیں اور دنیا میں اپنے اعمال کے خود ذمہ دار ہیں، اللہ تعالی زمین پر عدل وانصاف کو پسند کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم پہ آنے والے سیلاب، زلزلے اور وبائیں اللہ تعالی کی طرف سے ہماری آزمائش ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اللہ تعالی ہر جگہ موجود ہے اور ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔

میر عبدالقدوس نے کہا کہ ظالم  کا دفاع کرنے والی قومیں تباہ ہو جاتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ۔اپنے بچوں کے مستقبل کی خاطر دوسروں کے بچوں کا مستقبل خراب کرنے والے کبھی اپنے بچوں کا مستقبل نہیں بنا سکتے، عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، یہ میرے ایمان کا حصہ ہے کہ تمام فیصلے میرٹ پر کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے نظام میں مداخلت نہیں کرنی چاہیئے، جنہیں خدا پر توکل ہوتا ہے انہیں کوئی خوف نہیں ہوتا، ہمیں انسانیت کے رشتے  کو سب سے زیادہ مقدم رکھنا چاہیئے، ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت ہونا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس نے مزید کہا کہ میرا عہدہ اور منصب اس چیز کا متقاضی ہے کہ میں اپنے عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کروں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں