Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کے پاس مقدمات درج کرنے کے علاوہ کچھ نہیں، شہزاد وسیم

قائد حزب اختلاف سینیٹر شہزاد وسیم نے کہا ہے کہ عدلیہ کے خلاف مہم شروع کی گئی ہے، ریمارکس آتے ہیں تو آڈیو ویڈیو ٹیپ آجاتی ہے ان کے پاس آڈیو ویڈیو ٹیپ کی فیکٹری اور ایف آئی آر درج کرنے کے سوا کچھ نہیں۔

چیئرمین صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ اجلاس کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شہزاد وسیم نے کہا کہ منی بجٹ کے نام پر عوام پر عذاب نازل ہوا ہے، ایک ہی تجویز ہے کہ منی بجٹ کو فوری واپس لیا جائے۔

ہم اس غریب کش بجٹ کو مسترد کرتے ہیں

انہوں نے کہا کہ ہم اس غریب کش بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، ریاست ہو یا سیاست اس کا محور عوام ہوتے ہیں۔ حکومت نے اپنے گیارہ سو ارب کے کیسز معاف کروا لئے، جس کی قیمت عوام بھگت رہی ہے۔

شہزاد وسیم نے کہا کہ  حکومت جعلسازی سے آئی، ملکی زرمبادلہ کم ترین سطح پر ہے اور مہنگائی بلند ترین سطح پر ہے، حکومت کی کریڈیبلٹی ہے کہ دنیا میں کوئی ان کو پیسے دینے کو تیار نہیں۔

شہزاد وسیم نے کہا کہ دنیا کو یقین نہیں کہ پیسے عوام پر خرچ ہونگے یا ان کے اکاؤنٹس میں جائیں گے، عوام پر 170ارب روپے کے ٹیکسز کا بوجھ لگا دیا ہے مگر معاہدے کا علم نہیں۔

انکا کہنا ہے کہ یہ پیسے جمع کون کرے گا حکومت اور ایف بی آر، حکومت ایک طرف کفایت شعاری کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف ان کی کابینہ اور شاہ خرچیاں ہیں۔

حکمران قوم کو فاقوں کی طرف لیکر جارہے ہیں

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ ایف بی آر نے 155ارب روپے کی لگثری گاڑیوں کی فرمائش کر رہی ہے، یہ حکومت کی ترجیح ہے اور عوام سے قربانی مانگتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں چار پانچ روپے اضافے پر مہنگائی مارچ شروع ہو جاتا تھا، حکومت ابھی تک پیٹرول کی قیمت میں 122 روپے کا اضافہ کر چکی ہے، انہوں نے عوام کی قسمت میں دھکے لکھ دیے ہیں۔

شہزاد وسیم نے کہا کہ گیس کی قیمت 113فیصد بڑھا دی گئی ہے، پیاز 225 روپے کلو، ٹماٹر 150روپے کلو ہو گیا ہے، قوم کو فاقوں کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔

عمران خان واحد امید کی کرن ہے

انکا کہنا ہے کہ  لیڈر کو آرام کے ساتھ رنج ہے اور عوام جتنی پستی میں چلی جائے آرام میں کوئی خلل نہیں، ملک کے جو حالات کر دیا دس ماہ پہلے ایسا نہیں تھا، مستحکم ہوتی ہوئی معیشت کو نہ صرف پٹری سے اتارا بلکہ پٹری ہی اکھاڑ دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: الیکشن ہر صورت ہونگے اور عوام کی نمائندہ حکومت قائم ہوگی، شہزاد وسیم

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت غریبوں کا خیال رکھ رہی تھی حساس تھا صحت کارڈ تھا، حکومت نے صحت کارڈ بند کر دیا ہے، اس قوم کو خودکشی کے لئے نہیں چھوڑا گیا، زہر کے لئے پیسے نہیں چھڑکنے کے لئے پیٹرول نہیں، کھمبے پر چڑھیں تو بجلی نہیں، عمران خان واحد امید کی کرن ہے۔

عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں

رات کو عمران خان کی گرفتاری کی خبر چلی تو لوگ پہنچے، عمران خان عوام کے دلوں میں بستا ہے، ابھی بھی وقت ہے ملک کو راستے میں ڈالیں۔

آپ کی حکومت ناکام ہو چکی ہے، لیڈرشپ خود کہہ رہی ہے یہ حکومت ہماری نہیں ہے، وزیر اعظم کا کس جماعت سے تعلق ہے، وزراء کا تعلق کس جماعت سے ہے؟ ملک کا خیال ہے تو پورے ملک میں فوری انتخابات کروائے جائیں۔

متعلقہ خبریں