Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دہشتگردی میں اچانک اضافہ ریاست کی فعال حکمت عملی کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے، عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دہشتگردی میں اچانک اضافہ ریاست کی فعال حکمت عملی کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے،۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کراچی پولیس آفس پر کل کے دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتا ہوں جس دوران ایک مرتبہ پھر ہماری بہادر پولیس کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوصاً شہری مراکز میں دہشتگردی میں اچانک اضافہ انٹیلی جنس کی ناکامی اور ریاست کے ہاں دہشتگردی کے انسداد کی ایک واضح فعال حکمتِ عملی کے فقدان کو ظاہر کرتا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی پولیس آفس پر دہشتگردوں کے حملے کے  دوران 2 پولیس اور ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے جب کہ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا اور عمارت کو تقریباً 4 گھنٹے بعد کلیئر کرالیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی پولیس آفس حملہ؛ پولیس اور رینجرز اہلکار سمیت 4 شہید، تمام دہشت گرد جہنم واصل

اس حوالے سے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ایسٹ مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس آفس پر حملہ کرنے والے 3 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، ایک دہشتگردچوتھی منزل پر اور 2 چھت پر ہلاک ہوئے جب کہ ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا۔

مقدس حیدر کا کہنا تھا کہ کراچی پولیس آفس میں آپریشن مکمل ہوگیا اور عمارت کو کلئیر کرالیا گیا ہے جب کہ حملے میں 2 پولیس اہلکار اور ایک رینجرز اہلکار سمیت 4 افراد شہید ہوئے، حملے میں زخمی ہونے والے 18 افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

متعلقہ خبریں