Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امپورٹڈ حکومت اپنی آئین شکنی بچانے کیلئے اب عدلیہ پر حملہ آور ہے، عمران خان

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت اپنی آئین شکنی بچانے کیلئے اب عدلیہ پر حملہ آور ہے۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی زمان پارک میں ملاقات ہوئی جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت پہلے ہی برباد کر دی گئی اب الیکشن نہ کروا کر آئین شکنی کے مرتکب بھی ہو رہے ہیں، اپنی آئین شکنی بچانے کے لئے امپورٹڈ حکومت اب عدلیہ پر حملہ آور ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اور اس کے ورکر ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کریں گے۔

امپورٹڈ حکومت میں عام آدمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں

انکا کہنا ہے کہ ہیلتھ کارڈ سمیت بہت سے عوام دوست منصوبے بند کرنے سے غریب پر بوجھ بڑھ رہا ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ ڈالی ہے، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت میں عام آدمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں ہے، خود کو جو معیشت کے چیمپین سمجھتے تھے آج کل منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈاکٹر شہباز گل نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کا ورکر پارٹی کے نظریے کے ساتھ کھڑا ہے، آئندہ الیکشن میں یوتھ ونگ، آئی ایس ایف، اور سوشل میڈیا ونگ میں سے پارٹی کے نظریاتی نوجوانوں کو کم از کم دس فیصد ٹکٹیں دینے کی درخواست کرتا ہوں۔

شہباز گل نے چیئرمین عمران خان سے ملاقات میں درخواست کی کہ جو پارٹی ورکرز مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہوئے اس کو الیکٹیبل پر ترجیح دی جائے۔

شہبازگل کی بول سے گفتگو

علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک معاشی کے ساتھ آئینی بحران سے بھی گزر رہا ہے، آئین شکنی کر کے آئینی بحران پیدا کیا جارہا ہے۔

شہباز گل نے مزید کہا کہ ہماری حکومت نے معیشت کو بہتر کیاتھا اور عام آدمی کے لیے روزگار کا بندوبست کیا تھا۔

متعلقہ خبریں