پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی راجا اظہر نے کراچی پولیس آفس پر دہشتگردی کے حملے سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق راجا اظہر نے خط میں حملے کے باعث شہید ہونے والے جوانوں کے لواحقین کیلئے حکومتی سطح پر مدد کی اپیل کی ہے۔
راجا اظہر نے خط میں لکھا کہ واقعے میں شہید سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کے ورثاء کی ہر ممکن مدد یقینی بنائی جائے، گھر کی کفالت کرنے والے شہید جوانوں کی جگہ ان کے ورثاء کو متبادل نوکریاں دی جائیں، امن کی خاطر نڈر پولیس، رینجرز کے جوانوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نظرانہ پیش کیا۔
راجا اظہر نے کہا کہ جان کی بازی لگا دینے والے اہلکاروں کو نظر انداز نہ کیا جائے، پولیس کی حکمت عملی اور کاوشوں کو سراہنے سے اہلکاروں میں مزید خود اعتمادی پیدا ہو گی، حکومت سندھ واقعے میں زخمی اہلکاروں کے بہترین علاج معالجے کیلئے اپنا کردار ادا کرے، دہشتگردی کیخلاف آپریشن میں موجود تمام سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھٰں؛ ڈی آئی جی ساوتھ نے کراچی پولیس آفس میں سیکیورٹی غفلت کے امکانات کو رد کر دیا



















