رحیم یارخان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کےخلاف تاجروں اور سول سوسائٹی کا احتجاج جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان تاجروں نے گلے میں روٹیاں اور نان ڈال کر مہنگائی کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔
ذرائع کی رپورٹ کے مطابق تاجروں نے بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف گلے میں روٹیاں اور نان لٹکا کر احتجاج کرتے ہوئے سٹی پل کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے رکاوٹیں کھڑی کر کے بند کر دیا۔
مشتعل تاجروں کا کہنا ہے کہ مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی نے ہمارے کاروبار ٹھپ ک کے رکھ دئیے ہیں اور آئے روز پٹرولیم مصنوعات‘ بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے سے مہنگائی روکنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔
حکومت اپنے اخراجات پر قابو کرے، مظاہرین
مشتعل تاجروں کا کہنا ہے کہ اتنی مہنگائی کردی گئی ہے کہ دکانوں کے کرائے تک ادا نہیں ہورہے ہیں، حکومت اپنے اخراجات پر قابو کرے۔
ہاتھوں میں مہنگائی کے خلاف بینرز اٹھا ئے تاجروں کا کہنا ہے کہ حکمران ملک میں بسنے والے غریب طبقے پر رحم کھاتے ہوئے مہنگائی کم کرنے کیلئے فوری طور پرمؤثر اقدامات کرے۔
حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی بجائے روز بروز عوامی مشکلات میں اضافہ کر رہی ہے،مظاہرین
مظاہرین نے کہا کہ عوام کو ریلیف کا جھانسہ دے کر اقتدار سنبھالنے والوں نے عوام کو ناکوں چنے چبوا دیئے ہیں۔
عوام آٹا ،گھی چینی پوری کریں یا مہنگی بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کریں۔
مہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو ہم ملک بھر میں احتجاج کریں گے، تاجر برادری
تاجروں نے مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ رشوت دے کر آٹا لینا پڑتا ہے، جب مزدور آٹا لینے کے لیے سارا دن لائن میں لگا رہے گا تو وہ مزدوری کیسے کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگرمہنگائی پر قابو نہ پایا گیا تو ہم ملک بھر میں احتجاج کریں گے۔



















