Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے صدر مملکت عارف علوی کو خبردار کر دیا

وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خان نے صدر مملکت عارف علوی کو خبردار کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق رانا ثناء اللہ نے اپنے بیان میں صدر مملکت سے مخاطب ہو کر کہا ہے کہ صدر علوی “آ بیل مجھے مار” والے کام نہ کریں، آئین کی حد میں رہیں، صدر کے دفتر کو بلیک میلنگ کا اڈہ نہ بنائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تاریخ دینے سے صدر کا کوئی لینا دینا نہیں، عارف علوی خوامخواہ ٹانگ نہ اڑائیں، صدر الیکشن کمشن کو غیر قانونی اور غیر آئینی احکامات پر مجبور نہیں کر سکتا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن آپ کا غلام نہیں کہ جو آپ کہیں وہ مانے۔ عمران خان نے معیشت، خارجہ تعلقات اور قومی مفادات کو نقصان پہنچایا، اب ریاستی سربراہ کے منصب کو سازش کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب بھی صدر مملکت پر برس پڑیں

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایوان صدر ایوان سازش بن چکا ہے، الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، عمران خان کی ٹائیگر فورس نہیں بننے دیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال کر غیر آئینی طور پر الیکشن کی تاریخ لینے کی کوشش ہو رہی ہے، صدر عارف علوی نے آئین شکنی کی تو آرٹیکل چھ کا سامنا کرنا ہو گا، آئین کو ٹھوکر ماری تو علوی صدر نہیں رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ علوی صدر بنیں، عمران خان کی کٹھ پتلی نہ بنیں، صدر علوی کی وفاداری آئین سے ہونی چاہیے، علوی قومی اسمبلی تحلیل کر کے پہلے ہی آئین شکنی کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی تشریح کے مطابق صدر کا عہدہ علامتی ہے، کسی ایک سیاسی جماعت کے ساتھ ساز باز صدر کے منصب اور حلف کی خلاف ورزی ہے۔

متعلقہ خبریں