سندھ کے سیلاب متاثرہ کسانوں کو امدادی رقم دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیلاب سے زراعت کے نقصانات اور امدادی اقدامات کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری خزانہ و زراعت، ڈی جی بینظیرانکم سپورٹ پروگرام اور دیگر شریک ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے میں سیلاب سے زراعت کے نقصانات اور امدادی سرگرمیوں کیلیے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل بینظیرانکم سپورٹ پروگرام نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے میں 110پوائینٹس پر یہ رقم کسانوں کو دی جائے گی جبکہ سیکریٹری زراعت نے بتایا کہ کسانوں کی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرہ کسانوں کو بیج کی مد میں 5000 روپے فی ایکڑ فراہم کیے جائیں گے اور مجموعی طور پر 4.22 ارب روپے کی امدادی رقم تقسیم کی جائے گی۔
چیف سیکریٹری سندھ کا کہنا تھا کہ صوبے میں 1 لاکھ 85 ہزار 928 کسانوں میں سبسڈی کی رقم تقسیم ہوگی، اور کیش رقم کا میسج بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر آئے گا، تمام ڈویژنل کمشنر کیش ٹرانسفرکےعمل کی نگرانی کریں گے۔
چیف سیکریٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت نے ہدایت جاری کی کہ محکمہ زراعت اور بے نظیر انکم اسپورٹ رواں ہفتے کیش ٹرانسفر سے متعلق انتظامات مکمل کرے۔



















