Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

صدر مملکت کا صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان اور افغانستان سیمنز ہیلتھائنرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خرم جمیل کی ملاقات ہوئی جس میں سی سی او خرم جمیل نے صدر مملکت  کو سیمنز ہیلتھائنرز کی پاکستان میں صحت کے شعبے میں خدمات کے بارے میں بریفنگ دی۔

ملاقات میں صدر مملکت نے صحت کے شعبے میں سرکاری، نجی اداروں اور این جی اوز کے درمیان شراکت داری قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور پاکستان کے ہیلتھ کیئر سیکٹر کی ترقی کے لیے سیمنز ہیلتھائنرز کی کوششوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر صدر مملکت نے پاکستان کی عوام کی صحت اور بہبود کو بہتر بنانے، انہیں صحت کی معیاری خدمات فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے استعمال پر زور دیا۔

عارف علوی نے کہا کہ طبی ٹیکنالوجی میں پیشرفت ملک کے صحت کے نظام کو تبدیل کرنے میں مدد کر سکتی ہے، ہیلتھ پروفیشنلز ملک کی مستقبل کی صحت کی ضروریات کو پورا کرنے، صحت کے شعبے میں چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے جدت اپنائیں۔

صدر مملکت عارف علوی نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کی بہتری اور چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں