Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ طویل تاریخی تعلقات ہیں، اسحاق ڈار

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ طویل تاریخی تعلقات ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش کی فنانس ڈویژن میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ طویل تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو دونوں فریقوں کے باہمی مفادات کے لیے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر کو تباہ کن سیلابوں کے ساتھ معاشی چیلنجوں کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ حکومت کا مقصد معاشی اور مالی استحکام لانا ہے جس سے معاشی بحالی اور ترقی ہوگی۔

اس موقع پر برطانوی قائم مقام ہائی کمشنر اینڈریو ڈالگلیش نے حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے عملی اقدامات کو سراہتے ہوئے سماجی و اقتصادی چیلنجوں کو کم کرنے کے لیے حکومت پاکستان اور عوام کے لیے برطانوی حکومت کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

متعلقہ خبریں