وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سات مارچ کو نیویارک امریکہ پہنچ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکہ پہنچتے ہی وہ اسلام میں خواتین کے حقوق کے حوالے سے تقریب میں شریک ہوں گے، وزیر مملکت امور خارجہ حنا ربانی کھر بھی ان کے ہمراہ ہوں گی۔
پاکستان اقوام متحدہ میں او آئی سی کے چیئر کے طور پہ اجلاس کی صدارت کرے گا۔
بلاول بھٹو کی نجی ملاقاتوں کے حوالے سے بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، اس دوران وہ واشنگٹن کا بھی دورہ کریں گے۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔
بلاول بھٹو کے دورے کو کمیونٹی کی اہم شخصیات نے نا پسندیدہ قرار دے دیا ہے۔
کمیونٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین کے حوالے سے کانفرنس میں حنا ربانی کھر کی شمولیت کافی ہوتی، پاکستان کے وزیر خارجہ قوم پہ رحم کریں اور اپنے دوروں کو محدود کریں، ملک کی موجودہ مالی صورتحال میں غیر سود مند دورے اور اخراجات انتہائی نامناسب ہیں، پاکستان ایسے دوروں کا متحمل نہیں ہو سکتا، بلاول اپنے سیاسی ایجنڈے پہ امریکی دورے پہ آتے ہیں جو کہ قابل مذمت ہے۔
یاد رہے کہ بلاول بھٹو کا ایک سال میں امریکہ کا یہ چوتھا دورہ ہو گا۔
یہ بھی پڑھیں؛ وزیر خارجہ بلاول بھٹو ایک روزہ دورے پر لیتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس پہنچ گئے



















