Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن نہ کروائے تو آئین کی بحالی کیلئے نکلنا ہوگا، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ الیکشن نہ کروائے تو آئین کی بحالی کیلئے نکلنا ہوگا۔

سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بول نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کو کوئی اتھارٹی مسترد نہیں کرسکتی، الیکشن نہیں کروا سکتے تو چیف الیکشن کمشنر استعفیٰ دے دیں، اہل چیف الیکشن کمشنر لائیں جو انتخابات کراسکے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں لگتا کہ انتخابات کرائے جائیں گے، انتخابات حکومت نے نہیں اداروں نے کروانے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نگراں کابینہ میں بہت سے لوگ پیسے دے کرشامل ہوئے، ملک میں کامیڈی سرکس چل رہا ہے۔

انکا کہنا ہے کہ عمران خان کی گرفتاری سےمقبولیت میں مزید اضافہ ہوگا۔ الیکشن نہ کروائے تو آئین کی بحالی کیلئے نکلنا ہوگا، عدالتی حکم کی تعمیل نہ ہونے کا مطلب آئین ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج کیے جارہے ہیں، ملک میں آئین کو پامال کیا جارہا ہے۔ 61 ارکان نے آئی ایم ایف کا منی بجٹ بل منظور کیا۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ جیل بھرو تحریک ملکی تاریخ کی منفرد تحریک ہے، تحریک کا مقصد عوام میں شعور پیدا کرنا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر پر کہا تھا کہ آج سے ایک غیرمعمولی اور منفرد تحریک کا آغاز ہو رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا تھا کہ لاہور شہر آج آئین کی بحالی، انسانی حقوق اور معاشی حقوق کے لیے میزبان بنے گا۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں سے گزارش ہے اپنے حق کے لیے کھڑے ہوں ورنہ سب کچھ کھو دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: جیل بھرو تحریک، پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا کارکنوں کے نام پیغام

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی کال پر کارکن جیل بھرو تحریک کے لئے تیار ہوگئے ہیں، جیل بھرو تحریک کا آج لاہور سے آغاز ہوگیا ہے جس میں پی ٹی آئی کے قائدین گرفتاری دیں گے۔

 عمران خان کی ہدایت پر لاہور سے جیل بھرو تحریک آج سے شروع ہوگئی ہے تاہم زمان پارک میں کارکنان کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، یہاں تک کہ خاتون کارکن 38 روز کے بچے کو جیل لے جانے کے لیے زمان پارک کے باہر موجود ہیں۔

پہلے مرحلے میں شاہ محمود، سابق گورنرعمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال، سابق صوبائی وزیر ڈاکٹر مراد راس سمیت پارٹی رہنما محمد خان مدنی، فواد رسول بھلر بھی 200 کارکنان سمیت گرفتاری دیں گے تاہم پی ٹی آئی کے سینکڑوں کارکن بھی اس موقع پر وہاں موجود ہوں گے۔

متعلقہ خبریں