قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی صورتحال سے نکالنے کے لیے بڑے فیصلے کرنے ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ کی گورنر ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران گورنر پنجاب اور قمر زمان کائرہ نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے آئینی عہدوں پر بیٹھے اشخاص آئین اور قانون کی خلاف ورزی کے بار بار مرتکب ہوئے، اور ہو رہے ہیں۔
اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ آئین اور قانون کی بالادستی میں سب کی بھلائی ہے، ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے گزر رہا ہے۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے مزید کہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک کی معاشی صورتحال پر متحد ہونے کی ضرورت ہے۔
ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ملک کو معاشی صورتحال سے نکالنے کے لیے بڑے فیصلے کرنے ہوں گے اور اس کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں کو ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک پیج پر آنا چاہیے۔



















