وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت سے ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نادرا کے ذریعے مستحق خواتین کی ڈائنامک رجسٹری کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت بینظیر انکم سپورٹ کے ذریعے سیلاب متاثرین کی مدد کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی بنیاد غریب لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے رکھا گیا تھا، پیپلز پارٹی کا منشور روٹی کپڑا اور مکان ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی کا مقابلہ غربت سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک اس وقت سیاسی، آئینی اور جمہوری بحران میں ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے آئین دیا اور ہم سیاست میں اس لیے ہیں کہ غریب عوام کو تحفظ دلا سکیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم اور ناکام کرنی کی کوشش گئی تھی جو ناکام ہوئی اور پر امید ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے غریب لوگ مستفید ہوتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے پورے نظام سے لڑ کر بی آئی ایس پی شروع کرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ جوآج کل بینظیر انکم سپورٹ کی تعریف کرتے ہیں وہ پہلے اس کیخلاف تھے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم نے بی آئی ایس پی کو پاکستان کا شفاف ترین پروگرام بنایا جبکہ ہمارےمخالفین نے بی آئی ایس پی کی ڈٹ کر مخالفت کی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہر طبقے کو ریلیف فراہم کیا ہے، پیپلزپارٹی نے پاکستان کے غریب عوام کوان کے حقوق دلائے ہیں اور پیپلزپارٹی نے ملک کے لیے بہت کام کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی عوام کے لیے جدوجہد کی، بینظیر بھٹو کو پتا تھا کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری ہے، بینظیر بھٹو انتہا پسندی اور دہشتگردی کیخلاف جدوجہد کر رہی تھیں۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ ہمیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پر فخر ہے۔



















