پشاور میں سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے ہونے والی دوستی میں ملزم دوست نے دینی مدرسے کے طالب علم کو تاوان کی غرض سےاغوا کرلیا جسے پولیس نے بازیاب کرالیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پشاور میں دیر کے علاقے پتراک سےتعلق رکھنے والےایک مدرسے کے طالب علم کو دوست نے نشے کا انجکشن لگا کر تاوان کی غرض سے اغوا کرلیا جسے پولیس نے تیراہ کے پہاڑی غار سے برآمد کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ دیرسےتعلق رکھنے والے20 سالہ مدرسے کے طالب علم عدنان کوتین لاکھ ڈالر تاوان کی غرض سےاغوا کیا گیا تھا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہےکہ اغواکار دوست سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ذریعے عدنان کا دوست بنا جس نےاسے 20 جنوری کو دیر سے پشاور بلایا اور پھر نشے کا انجکشن لگا کراغوا کرلیا ۔
اغوا کے بعد مغوی کو تیراہ ضلع خیبراورکزئی کے درمیان واقع پہاڑی علاقے کے ایک غار میں رکھا گیا اور اس دوران مغوی کو مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا جبکہ اس کے وائس میسیجزخاندان کو بھیجے جاتے رہے۔
تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئےمغوی عدنان کو پہاڑی غار سے برآمد کرلیا لیکن ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔



















