Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران اشیاۓ خور و نوش کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے وفاقی حکومت کو وزراء اعلیٰ کے ساتھ مل کر رمضان میں اشیاء کی فراوانی اور قیمتوں پرکنٹرول کا ٹاسک دیا۔

شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی جبکہ وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں میں سستے رمضان بازار لگانے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے، عبادتوں کے مہینے میں جو روزے داروں کو تنگ کرے اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ رمضان المبارک سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کلین اپ کریں، رمضان میں جو زائد قیمت لے اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔

شہبازشریف کا کہنا تھا کہ رمضان بازار میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے، ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔

وزیراعظم شہبازشریف کا مزید کہنا تھا کہ ماہ مقدس میں موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز قائم کریں اور جو عوام کو تنگ کرے اس سے کوئی نرمی نہ برتی جائے۔

متعلقہ خبریں