Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین خالد رضا کے قتل کا مقدمہ درج

پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین خالد رضا کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر تھانے میں مقتول کے بھائی کی مدعیت میں انجمن اساتذہ کے عہدیدار خالد رضا کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ الزام نمبر 131/23 قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے اور ایف آئی آر میں واضح کیا گیا ہے کہ مقتول کو اتوار کی شب 8 بجکر 12 منٹ پر گھر کے باہر موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے فائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا۔

مدعی کے مطابق دو مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے خالد رضا کو قتل کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پرائیوٹ اسکولز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین خالد رضا سپردخاک

خیال رہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر دار ارقم اسکولز کراچی ریجن اور وائس چیئرمین فیڈریشن آف پرائیویٹ اسکولز پاکستان سید خالد رضا کو گلستان جوہر بلاک 7 میں ان کے گھر کے دروازے پر مبینہ ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔

سید خالد رضا اپنی اہلیہ کے ساتھ ایک تقریب میں شرکت کے لیے گاڑی میں سوار ہونے والے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح حملہ آوروں نے انھیں گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا ۔

تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ قتل ٹارگٹ کلنگ ہے اور اس جرم کے پیچھے محرکات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں نے متاثرہ سے کچھ نہیں چھینا۔ اس کے سر میں سیدھی گولی ماری گئی۔ سید خالد رضا کی اہلیہ ابھی گھر سے باہر نہیں آئی تھیں کہ یہ واقعہ پیش آیا۔

خالد رضا کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے تھا۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے خالد رضا کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سندھ کو واقعے کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے اور  پولیس کو ہدایت کی کہ ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے قتل کی تحقیقات کی جائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے قتل پر لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

وائس چیئرمین فیڈریشن آف پرائیویٹ سکولز پاکستان سید خالد رضا کی نماز جنازہ ان کے گھر کے قریب واقع مسجد میں بعد نماز ظہر ادا کی گئی۔

متعلقہ خبریں