رواں مالی سال کے پہلے سات ماہ میں مالیاتی خسارہ میں اضافہ ہوا، برآمدات، درآمدات اور سرمایہ کاری میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت خزانہ نے رواں مالی سال جولائی سے جنوری معاشی رپورٹ جاری کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری ترسیلات زر 11 فیصد کم ہو کر 16 ارب ڈالر رہیں جبکہ جولائی سے دسمبر سرکاری اخراجات میں 19.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور جولائی سے دسمبر وفاق کے اخراجات 6382 ارب روپے تک جا پہنچے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جولائی سے جنوری قرضوں پر سود کی ادائیگیوں میں 77 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا جبکہ جولائی سے جنوری مہنگائی کی شرح 25.4 فیصد ریکارڈ کی گئی اور جولائی سے جنوری تک سرمایہ کاری 44 فیصد کمی کے ساتھ 68 کروڑ 35 لاکھ ڈالر رہی۔
وزارت خزانہ کی رپورٹ کے مطابق جولائی سے دسمبر ٹیکس آمدن میں 18.8 فیصد اضافہ ہوا جبکہ جولائی سے جنوری برآمدات 7.4 فیصد کم ہوکر 16.4 ارب ڈالر رہیں اور جولائی سے جنوری درآمدات 20.9 فیصد کم ہو کر 33.5 ارب ڈالر رہیں۔



















