Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

الیکشن کمیشن کا انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے پیش نظر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں الیکشن کمیشن کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی لاء نے الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر بریفنگ دی۔

ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو سپریم کورٹ کا فیصلہ ابھی موصول نہیں ہوا، سپریم کورٹ کا فیصلہ موصول ہونے کے بعد آگے کا لائحہ عمل طے کریں گے۔

سپریم کورٹ کا شارٹ آرڈر الیکشن کمیشن کو موصول

بعدازاں سپریم کورٹ کا شارٹ آرڈر الیکشن کمیشن کو موصول ہوگیا، الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا۔

ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں مشاورت کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مشاورت دوبارہ شروع کرنے اور وفاقی حکومت، وزارت داخلہ، وزارت دفاع اور وزارت خزانہ کو بھی خطوط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم دیا ہے، عدالتِ عظمٰی نے سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا محفوظ فیصلہ سنایا۔

فیصلہ ویڈیو لنک کے ذریعے سپریم کورٹ کی کراچی اور لاہور رجسٹری میں بھی سنایا  گیا۔ عدالتِ عظمٰی کے تین رکنی بینچ نے تین دو سے فیصلہ سنایا۔ جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس منصورعلی شاہ نے درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا کے پی اور پنجاب میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم

متعلقہ خبریں