راولپنڈی میں رمضان المبارک سے قبل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والی مافیا کےخلاف سخت کارروائی کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی کے دوران خوراک میں جعل سازی کرنیوالے بیوپاری رنگے ہاتھوں پکڑے لئے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض نے بتایا کہ راولپنڈی میں 7000 کلو ملاوٹی مصالحہ جات برآمد کرلئے گئے جبکہ اٹک میں 800 لٹر اور چکوال میں 300 لٹر غیر معیاری کولڈ ڈرنکس تلف کردی گئیں ہیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق مضر صحت مصالحہ جات کو مختلف برانڈز کی دلکش پیکنگ میں فروخت ہونا تھا نجسے بروقت کارروائی کے بعد تلف کردیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جعل سازی پر 3 فیکٹریوں کی مشینری کو ضبط کرتے ہوئے پروڈکشن کو بند کیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں اٹک میں جعلی کولڈ ڈرنکس کی فروخت پر 1 گودام مالک پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا ہے جبکہ چکوال میں غیر معیاری کولڈ ڈرنکس کی اسٹوریج اور فروخت پر 3 ڈسٹری بیوٹرز کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مزید کہا کہ اشیاء خوردونوش میں ملاوٹ کرنے والے عناصر کےخلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں ۔



















