Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

انتخابات کے حوالے سے پی ٹی آئی کی درخواستیں نمٹا دی گئیں

سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں صوبائی اسمبلیوں میں انتخابات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواستیں نمٹا دی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس روح الامین اور جسٹس اشتیاق ابراہیم نے پی ٹی آئی کی درخواستوں پر سماعت کی۔

سماعت کے آغاز میں وکیل درخواست گزار شمائل احمد بٹ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے۔

جسٹس روح الامین نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کے حوالے سے فیصلہ دیا ہے ہم سپریم کورٹ کے حکم کے پابند ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ گورنر الیکشن کمیشن کے ساتھ مشاورت سے تاریخ دیں۔

جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے میں گورنر کو الیکشن تاریخ کا پابند بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کا کے پی اور پنجاب میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم

وکیل درخواست گزار شمائل احمد بٹ نے اپنے موقف میں کہا کہ آئین میں یہ چیزیں کلیئر لکھی ہوئی ہے۔ جس پر جسٹس روح الامین نے کہا کہ کاش جو بناتے ہیں وہ اسے پڑھ بھی لیں۔

عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں پی ٹی آئی کی درخواست نمٹاتے ہوئے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل نہیں ہوتا تو پھر عدالت سے رجوع کرسکتے ہیں۔

لاہور ہائی کورٹ

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس چوہدری محمد اقبال نے پنجاب میں الیکشن کی تاریخ کے لیے صدر پاکستان کو ہدایت جاری کرنے کے حوالے سے درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس چوہدری محمد اقبال نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ اپنے فیصلے میں صدر کو الیکشن کمیشن کی مشاورت سے الیکشن کی تاریخ دینے کا کہہ چکی ہے۔  درخواست گزار نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی کاپی بھی پیش کی۔

یہ بھی پڑھیں؛ الیکشن کمیشن کا انتخابات کیلئے وفاقی حکومت کو خط لکھنے کا فیصلہ

جسٹس چوہدری محمد اقبال نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے کے پیرا چودہ صدر کو الیکشن کی تاریخ دینے کے حوالے سے ہدایت کیں۔

عدالت نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد درخواست غیر مؤثر ہونے کی بنیاد پر نمٹائی جاتی ہے۔

دو رکنی بینچ نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کی تاریخ کے لیے صدر پاکستان کو ہدایت جاری کرنے کے حوالے سے درخواست نمٹا دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کروانے کا حکم دیا، عدالتِ عظمٰی نے سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات سے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت کا محفوظ فیصلہ سنایا۔

متعلقہ خبریں