Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسلام آباد میں 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلوں پر سماعت کی۔

وزارت داخلہ کے جوائنٹ سیکریٹری عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے جوائنٹ سیکریٹری سے سوال کیا کہ کیا آپ بیان دے سکتے ہیں اس الیکشن سے پہلے یوسیز نہیں بڑھائیں گے؟ اگر آپ یہ بیان نہیں دیتے تو ہم خود آرڈر کر دیتے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم فیصلے میں لکھ دیتے ہیں اس الیکشن سے پہلے یوسیز نہیں بڑھیں گی۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ ایک سو پچیس یونین کونسلز پر قائم ہیں اب؟ ایک بار الیکشن کرا دیں بس تاکہ جس نے آنا ہے آجائے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر کتنے اخراجات ہونگے؟ اس پر ڈی جی لاء نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کے اخراجات کی مد میں پندرہ سے بیس کروڑ روپے درکار ہوں گے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کرادیں الیکشن، اتنے پیسے تو حکومت آپ کو ویسے ہی دے دیگی، ہم ایک آرڈر پاس کردیتے ہیں کہ آئندہ انتخابات کیلئے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں 120 دن میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیتے ہوئے بلدیاتی انتخابات سے متعلق انٹرا کورٹ اپیلیں نمٹا دیں۔

متعلقہ خبریں