سربراہ پاک بحریہ سے کمانڈر رائل عمانی بحریہ کے درمیان دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال ہوا ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کمانڈر رائل عمانی بحریہ رئیر ایڈمرل سیف بن نصیر بن محسن الراہبی نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آبدوزوں کی تعمیر سے مقامی جہاز سازی کی صنعت کو فروغ حاصل ہوگا، سربراہ پاک بحریہ
ترجمان کے مطابق اس موقع پر سربراہ پاک بحریہ نے حال ہی میں ہونیوالی امن مشق میں شرکت پر عمانی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
پاک بحریہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی کے حوالے سے پاک بحریہ کے کردار کو سراہا۔
اس حوالے سے ترجمان نے کہا کہ کمانڈر رائل عمانی بحریہ کے دورے سے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔



















