گورنر پنجاب نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت میں زراعت کا بہت بڑا حصہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن کی زیر صدارت زراعت کے شعبے میں بیج کے معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں جائزہ اجلاس ہوا ہے۔
اجلاس کی صڈارت کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ ملک کی معیشت میں زراعت کا بہت بڑا حصہ ہے، زرعی اجناس کی پیداوار بڑھانے کے لیے بیج کی انڈسٹری سے وابستہ افراد کو سازگار ماحول فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ زرعی اجناس کے بیج کو بہتر بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کی طرف جانا ہوگا جبکہ بیج کے معیار کو بہتر بنانے سے منافع بخش زرعی اجناس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔
محمد بلیغ الرحمن نے یہ بھی کہا کہ بیج کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر اور جامعات کے اشتراک سے ریسرچ کا ایک مؤثر فریم ورک بنائیں۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے بیج کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے سفارشات مرتب کرنے کے لیے چاول، کپاس اور دوسرے چھوٹے بیجوں کی تین ذیلی کمیٹیاں بنادیں۔
اس موقع پر سیڈ کمیٹی ممبران کا کہنا تھا کہ جی ایم او سیڈ کی پالیسی بنانے کی ضرورت ہے، حکومت کی زرعی اجناس کے بیجوں سے متعلق پالیسیوں میں انڈسٹری کے نمائندگان سے مشاورت سے بہتر نتائج سیڈ کمیٹی ممبران حاصل ہوں گے۔
اجلاس میں بیج کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے قائم کمیٹی کے ممبران شریک ہوئے جبکہ اجلاس میں سیڈ کمیٹی ممبران ڈاکٹر عابد محمود، چیف ایگزیکٹو پنجاب ایگریکلچر ریسرچ بورڈ، لاہور، ڈاکٹر سلیم حیدر ، ڈین فیکلٹی آف ایگریکلچر سائنسز اور بیجوں کی انڈسٹری سے وابستہ افراد نے بھی شرکت کی۔



















